• news

لاہور‘گوجرانوالہ میں ایف آئی اے کی کارروائیاں‘11انسانی سمگلر گرفتار

لاہور+گوجرانوالہ(خبرنگار+نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن باجوہ نے اشتہاری انسانی سمگلروں کے خلاف لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 3 اشتہاری ملزمان مدثر حسین، جہانگیر قریشی اور محمد جاسم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان انسانی سمگلنگ، جعلی دستاویزات کی تیاری اور باہر بھجوانے کیلئے خطیر رقم وصول کرنے کے الزامات میں طویل عرصہ سے مطلوب ہیں۔ ایف آئی اے نے آذربائیجان جانیوالے دو مسافروں کو شک گزرنے پر ان کے سامان کی تلاشی لیکر اٹلی میں قیام کے جعلی اجازت نامے‘ دو جعلی ترکش ویزے‘ اٹلی اور پاکستان میں داخلے اور ایگزٹ کی جعلی مہریں برآمد کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزمان نصراللہ اور محمد اویس گجرات کے رہائشی تھے اور نصراللہ خان نے محمد اویس کو اٹلی پہنچانے کیلئے اسی سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ نصراللہ خان نے بتایا کہ اس نے تمام جعلی دستاویزات اور مہریں6 لاکھ روپے میں گجرات کے ایک ایجنٹ سے خریدی ہیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 6 انسانی سمگلروں کو حراست میں لیکر انکے قبضہ سے پاسپورٹ اور سٹیکرز بر آمد کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کی ہدایت پر ایف آئی اے کی ٹیم نے گوجرانوالہ، گجرات اور منڈی بہائوالدین میں چھاپہ مار کاروائیاں کیں۔ اس دوران انہوں نے چھ انسانی سمگلروں ارشد، نذیر، عثمان ، وارث، مظہراقبال اور خرم شہزاد کو حراست میں لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن