پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں ا ضافہ ہونا چاہئے: صدر ممنون
اسلام آباد(این این آئی)صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے۔ حکومت پاکستان نے بہترین قانون سازی کے ذریعے ان مواقع کو مزید بہتر بنا دیا ہے جس سے پوری دنیا کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر ہمارے عزیز ترین برادر ملک ترکی سے تاجر اور صنعت کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔صدر مملکت نے یہ بات پاکستان ترک بزنس فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ترک سفیر احسان مصطفی یوردا قل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات غیر معمولی نوعیت کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں تاجروں ، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخ ، ثقافت اور عقیدے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان صنعت و تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون خوش آئند ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے شعبوں میں موجود مواقع سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا جاسکا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ترک سرمایہ کار توانائی اور فوڈ پروسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور دواسازی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔