• news

کراچی میں شکاری نے خرگوش کے بجائے جوان بیٹا مار دیا

کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں شکاری باپ کے ہاتھوں خرگوش کے بجائے جوان بیٹا مارا گیا۔ فائرنگ سے بیٹے کی ہلاکت پر شکاری باپ حواس کھو بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے ریحان آباد کا دکاندار عرفان اپنے جوان بیٹے رضوان کے ہمراہ جیپ میں شکار کے لئے نکلا تھا۔ سرجانی ٹائون میں عبد اللہ موڑ کے قریب جیپ خراب ہونے پر دونوں باپ بیٹا پیدل آگے بڑھ رہے تھے کہ آگے چلنے والا 16 سالہ رضوان ٹھوکر لگنے سے گرا تو عقب میں آنے والے اس کے باپ عرفان نے جھاڑیوں میں ہونے والی نقل و حرکت کو خرگوش کی موجودگی سمجھ کر شاٹ گن سے فائر کردیا لیکن جب اس نے اپنے بیٹے رضوان کو خون میں لت پت دیکھا تو حواس باختہ ہوگیا اور زخمی رضوان کو ہسپتال لے جانے کی کوشش کی مگر وہ دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان رضوان کی ہلاکت اتفاقی واقعہ ہے جبکہ رضوان کے باپ عرفان کی حالت بھی ٹھیک نہیں اس لئے اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن