• news

سینٹ الیکشن: اسحاق ڈار‘ حافظ عبدالکریم کے کاغذات مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر سے آج جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے سینٹ کے امیدواروں اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کی طرف سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر ریٹرننگ افسر سے آج جواب طلب کر لیا۔ جسٹس امین الدین خان پر مشتمل سنگل رکنی ٹربیونل نے سماعت کی۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے کسی قانونی جواز کے بغیر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں تمام تفصیلات فراہم کیں جبکہ اپنے اثاثے بھی ظاہر کئے۔ انہوں نے استدعا کی ان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے وزیر اعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی، مسلم لیگ ن کی امیدوار نزہت صادق کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر بھی ریٹرننگ افسر سے جواب طلب کر لیا۔ ٹربیونل نے کامران مائیکل کے خلاف اپیل واپس لئے جانے کی بنا پر نمٹا دی گئی۔ تحریک انصاف کی امیدوار عندلیب عباس نے موقف اختیار کیا کہ سعدیہ عباسی، نزہت صادق نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے۔ بیرون ملک سفر کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ غیر ملکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کئے۔

ای پیپر-دی نیشن