بھارت:خود کو مرد ظاہر کرکے خاتون نے دو شادیاں کرلیں
نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں ایک خاتون نے مرد کا روپ دھار کر دو عورتوں ے شادی کرلی جبکہ جہیز کے لئے اْنہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر بجنور کی رہائشی سوئٹی سین بچپن ہی سے لڑکا بن کر رہتی تھی، 2013ء میں اْس نے کرشنا کے نام سے فیس بک پر اکائونٹ بنایا اور مردانہ روپ میں اپنی تصاویر پوسٹ کیں۔ پولیس کاکہنا ہے کہ سوئٹی سین نے سوشل میڈیا پر کئی خواتین سے دوستی کی جبکہ 2014ء میں خود کو علی گڑھ کے ایک بزنس مین کا بیٹا ظاہر کرکے ریاست اْتراکھنڈ کی ڈبل ماسٹرز خاتون کامنی سے شادی کرلی۔شادی کے بعد سوئٹی نے جہیز کے لئے کامنی کو مارنا پیٹنا شروع کردیا اور مبینہ طور پر اْس کے گھر والوں سے ساڑھے 8لاکھ روپے وصول کرلئے۔کامنی نے میڈیا کو بتایا کہ سوئٹی سین شادی کے بعدخود کو مردظاہر کرنے کے لئے سگریٹ اور شراب نوشی بھی کرتی تھی۔پولیس کے مطابق سوئٹی سین نے دوسال بعد ایک اور خاتون نیشا سے شادی کی اور کرائے کے گھر میں دونوں بیویوں کو ساتھ رکھا تاہم نیشا کو شک ہوگیا کہ مرد سمجھ کرجس سے شادی کی ہے وہ مرد نہیں بلکہ عورت ہے تو اْس نے تھانے میں رپورٹ درج کرادی، جس پر پولیس نے سوئٹی سین کو گرفتار کرکے جعلسازی اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرلیا۔سوئٹی سین بچپن ہی سے لڑکا بن کر رہتی تھی۔