منی لانڈرنگ‘ دہشت گردی کے معاملات پر کوتاہیوں پر پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کا کہا: امریکہ
واشنگٹن+اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے معاملات میں کوتاہیاں برتنے پر تشویش ہے، اس لئے امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گردوں سے متعلق مالیاتی واچ لسٹ میں شامل کیا جائے۔ امریکی نشریاتی ادار ے کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا یہ بات درست ہے کہ پاکستان کو عالمی دہشت گردوں سے متعلق مالیاتی واچ لسٹ میں شامل کرنے کی تحریک پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کو کافی عرصے سے اس بات پر تشویش ہے کہ پاکستان منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے حوالے سے کوتاہیاں برت رہا ہے لہٰذا امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان کو نگرانی کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ ہیدر نوئرٹ نے کہا یہ معاملہ صیغہ راز کا ہے لہٰذا اس بارے میں فی الحال اور کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی خارجہ امور کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل نہ ہونے دینے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ چیئرمین کمیٹی خسرو بختیار نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واچ لسٹ پر آنے کی صورت میں پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات پر بریفنگ مانگی ہے۔ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری داخلہ آئندہ اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔ امریکہ کی طرف سے واچ لسٹ میں شامل کیا گیا تو پاکستان میں کاروبار پر منفی اثرات پڑیں گے۔ پاکستان نے عملدرآمد رپورٹ6 جنوری کو جمع کرائی اس سے ایل سی پراسیس کا ٹائم بڑھے گا اور دیگر مشکلات ہوں گی۔ بریفنگ میں سی پیک سمیت سرمایہ کاری پر ممکنہ اثرات کی رپورٹ مانگی گئی ہے۔ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے نئے طریقہ کار پر اعتراض ہے۔ گرے ممالک کی فہرست میں پاکستان کو شامل کیا جانا جانبدارانہ اقدام ہوگا۔ پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کررہا ہے۔