مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دئیے
سرےنگر/ ٹورنٹو (آن لائن+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بالاکوٹ میں ایک پرتشدد آپریشن کے دوران شہید کیا۔ دریں اثنا ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن میں بھارتی فوج کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے ۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروںکے درمیان شدید جھڑپیںشروع ہو گئیں جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع میں موبائل فون‘ انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے جبکہ پلہالن کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر دئیے گئے ہیں۔ ادھرضلع پلوامہ کے علاقے پنزگام اونتی پورہ میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کیمپ پر حملہ کیا گیا۔ فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ حریت قیادت کی اپیل پر آج بھارتی مظالم کیخلاف مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو آئندہ دورہ بھارت پر بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانے کے لئے خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تحفظات ہیں۔ وزیراعظم ٹروڈو بھارتی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں روہنگیا مسلمانوں کو بھارت سے بے دخل کرنے کی دھمکیوں‘ 1984 میں سکھوں کے قتل عام کا احتساب اور انصاف‘ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال اور مذہبی اقلیتوں کے خلاف بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی نفرت کے معاملات اٹھائیں۔
مقبوضہ کشمیر