• news

مسلمانوں میں اتحاد کی کمی کا فائدہ اٹھا کر امریکہ‘ اسرائیل سازشیں کرتے ہیں: روحانی

حیدر آباد (بی بی سی ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے بھارتی شہر حیدر آباد کے دورے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ ان کے خلاف سازشیں کرتے ہیں۔ حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں جمعے کی نماز کے بعد خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا کہ 'اگر ہم مسلمانوں میں اتحاد ہوتا تو امریکی صدر کی کبھی بھی ہمت نہ ہوتی کہ وہ مقبو ضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان کرتا۔' ایرانی صدر کا خطاب براہ راست آئی آر آئی این این پر دکھایا گیا تھا۔ تین روزہ دورے پر آئے حسن روحانی نے بھارت اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ویزا حصول کا عمل آسان بنانا چاہئے۔ گو کہ ایرانی صدر 15 فروری کو بھارت پہنچ گئے تھے لیکن ان کی سرکاری ضیافت کا اہتمام دورے کے آخری دن، 17 فروری کو کیا جائے گا۔ اس دوران حسن روحانی نے حیدرآباد میں قطب شاہی مزار کا بھی دورہ کیا۔ جمعے کی نماز انھوں نے مکہ مسجد میں ادا کی جہاں نماز کے بعد ان کا خطاب تھا جس میں مختلف مسالک کے علمائ￿ نے بھی شرکت کی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ وہ بھارت کو تیل اور گیس دینے کے لئے تیار ہیں۔ بھارت تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے ویزا پابندیاں نرم کرے۔ چابہار بندرگاہ افغانستان، سنٹرل ایشیا اور یورپ کیلئے راہداری بنے گی۔

ای پیپر-دی نیشن