• news

غلط معلومات کی فراہمی، مجلس قائمہ کی ڈائریکٹر ڈی ایم اے کو عہد ہ سے ہٹانے کی ہدایات

اسلام آباد (وقائع نگار) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے قانون و انصاف نے کمیٹی اراکین کو غلط معلومات فراہم کرنے پر چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ڈائریکٹر ڈی ایم اے کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ علی سفیان نے کمیٹی کو فیض آباد میں قائم گرین بیلٹ پر ویگن اڈہ خالی کروانے کی رپورٹ دی تھی۔ قبل ازیں آفیسر نے یہی جھوٹی رپورٹ عدالت عالیہ میں بھی پیش کی تھی جس پر انہیں توہین عدالت کی کاروائی کا بھی سامنا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر جاوید عباسی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس میں سی ڈی اے، ایم سی آئی کے افسران و دیگر شریک ہوئے۔ سینیٹر محسن لغاری نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈائریکٹر ڈی ایم اے علی سفیان نے فیض آباد میں واقع سی ڈی اے کی ایک گرین بیلٹ غیر قانونی طورپر ویگن اڈا بنوا دیا ہے ان سے مجلس قائمہ نے جب معلومات مانگیں تو انہوں نے کمیٹی کے سامنے رپورٹ دی کہ مذکورہ اڈہ ختم کردیا گیا ہے حالانکہ حقیقت میں یہ اڈہ اب بھی وہیں پر غیرقانونی طورپر چل رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن