• news

پاکستان تیونس کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے جلد حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد+ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے تیونس کے صدر محمد ابصاج قائد الیس سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور افغان صورتحال سے آگاہ کیا تیونس کے صدر نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے مابین تعلقات محبت، دوستی اور بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے وفود کا تواتر سے تبادلہ نہایت ضروری ہے۔ پاکستان اور تیونس نے تعاون کی متعدد یاد داشتوں پر دستخط کئے اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین جلد حل کرنے کا مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا مشترکہ کاروباری کونسل، سیاحت و توانائی پر ورکنگ گروپ کے اجلاس ہوئے پاکستان اور تیونس ترجیحی معاہدے کے عمومی خدوخال پر رضامند ہیں دو طرفہ سطح پر مشترکہ کمشن کا دسواں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔علاووہ ازیں خواجہ آصف نے کہا کہ عوام ہمیں نہیں نواز شریف کو ووٹ دیتے ہیں اگر کسی کو غلط فہمی تھی تو وہ لودھراں الیکشن میں ختم ہو گئی سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بھی نواز شریف کے نامزد کردہ وزیراعظم ہیں۔ اس وقت 30 فیڈر پر لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے کیونکہ وہاں بجلی چوری ہے۔ سیاست دھرنوں سے نہیں ہوتی ۔ جس شخص میں ’’میں‘‘ آجائے، اللہ اس کا تکبر خاک میں ملا دیتا ہے۔ ملکی دفاع کیلئے تاریخی جنگ لڑی ہے لاکھوں فوجی ملکی دفاع کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت استعمال کریں نواز شریف کا قافلہ منزل مقصود پر پہنچنے والا ہے ادارے مضبوط ہوئے ہیں مزید سنگ میل عبور کرنا ہے عوامی عدالت لگے گی۔ عوام نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ مشرقی اور مغربی سرحد والوں کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی۔

ای پیپر-دی نیشن