پشاور‘ ایگریکلچر انسٹیٹیوٹ پر دہشت گرد حملہ کے مزید 2 سہولت کار گرفتار
پشاور(بیورورپورٹ)محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے ایگریکلچر انسٹیٹیوٹ پر دہشت گرد حملہ کے مزید 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے یکم دسمبر 2017 کو چند نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے یونیورسٹی روڈ پر زراعت کے تربیتی مرکز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں 8 طلباء سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 23 طلباء سمیت 29 افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سکیورٹی فورسز، پولیس اور ایک میڈیا کا نمائندہ بھی شامل تھا۔حکام کے مطابق جمعہ کے روز ایگریکلچر انسٹیٹیوٹ پر حملہ کرنے والوں کے مزید 2 سہولت کاروں کو شمشتو کیمپ سے گرفتار کرلیا ہے جن میں اویس خان ساکن شاہین مسلم ٹاؤن پشاور اور سعید اللہ ساکن باجوڑ ایجنسی حال چارسدہ شامل ہیں جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔