• news

پنجاب کی 42 پولیس لائنز غیر محفوظ، سکیورٹی آڈٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

لاہور (نامہ نگار) عوام کے محافظ ہی غیر محفوظ، آئی جی پنجاب کی جانب سے کرائے گئے لاہور سمیت پنجاب کی 42 پولیس لائنز کے سکیورٹی آڈٹ نے سکیورٹی انتظامات کا بھانڈا پھوڑ دیا متعدد کیمرے غیر فعال، داخلی دروازوں پر بائیو میٹرک اور سکیننگ سسٹم موجود ہی نہیں۔ آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کی جانب سے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر کی 42 پولیس لائنز کا آڈٹ کرایا گیا۔ لاہور کی قلعہ گجر سنگھ، مناواں، بیدیاں روڈ سمیت پنجاب بھر کی تمام پولیس لائنز میں گیارہ بڑے سکیورٹی لیپس موجود ہیں۔ بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہی نہیں، پولیس لائنز کے گردونواح میں گھروں کی سکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں کی گئی۔ داخلی وخارجی راستوں پر بائیو میٹرک انٹری سسٹم بھی موجود نہیں مورچوں میں بھی سکیورٹی نہ ہونے کے برابر جبکہ پولیس لائنز کے اندر پٹرولنگ کا تصور ہی نہیں۔ پارکنگ ایریاز میں بھی سکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے جبکہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور جوانوں میں رابطے کا فقدان ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ لگنے کے صورت میں آلات ہی نہیں ہیں جن سے آگ بجھائی جا سکے جبکہ خاردار تاریں بھی صرف کارروائی کیلئے رکھی گئی ہیں۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے سپیشل رپورٹ تیار کر کے سفارشات آئی جی کو بھجوا دی گئی جس کی روشنی میں پولیس لائنزکے سکیورٹی انتظامات فول پروف کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن