پارٹی قائدین کی کارکردگی تباہ کن، پرویز خٹک سی ای سی کے اجلاس میں پھٹ پڑے
پشاور، نوشہرہ ، اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے چیلنج کیا ہے کہ نواز شریف خیبر پی کے آئیں انہیں اربوں درخت اور چھوٹے ڈیم بھی دکھائیں گے۔ شریف برادران نے پنجاب اور مرکز میں کام نہیں کیا، حساب تو دینا پڑے گا۔ شہبازشریف کی پھرتیوں کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے، انکی پھرتیاں اور قومی خزانے سے مال چرانے کی تھیں۔ سربراہ خود کرپٹ ہو تو وہ نچلی سطح پر کرپشن نہیں روک سکتا۔ عوام نے دوغلے نعروں کی سیاست کو مسترد کر کے پی ٹی آئی پر اعتماد کیا۔ پی ٹی آئی غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ کرپٹ سیاستدان اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ دنیا خیبر پی کے کے گورننس ماڈل کی تعریف کر رہی ہے۔ خیبر پی کے کی ترقی اٹھا کر رائیونڈ نہیں لا سکتے۔ دونوں بھائیوں کو پولیس، صحت، تعلیم سمیت ہر شعبے میں کی گئی اصلاحات دکھائوں گا۔ دریں اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سی ای سی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے پارٹی رہنمائوں پر پھٹ پڑے۔ پرویز خٹک نے پارٹی قائدین کی کارکردگی کو تباہ کن قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ اور وزراء حلقوں میں مسائل حل نہیں کرتے۔ عمران خان بڑے جلسے کرتے ہیں، ان جلسوں کو پھر کوئی نہیں سنبھالتا۔ عمران لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں اورپارٹی رہنما لوگوں کو بکھیر دیتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کو علاقائی سیاست کے محرکات کا علم ہی نہیں۔ آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی حکمت عملی کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کو سکھانا پڑے گا کہ سیاست ہوتی کیا ہے؟