• news

گجرات ہسپتال کے باہر بچی کی پیدائش‘ ایم ایس‘ متعلقہ عملہ معطل: معاشی طور پر مضبوط قوم کو کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی معاشی آزادی کے بغیر بے معنی ہے۔ معاشی طور پر مضبوط قوموں کو کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔ ہمیں اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے۔ یہ منزل باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات، انتھک محنت اور اجتماعی کاوشوں سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ ایسا معاشی و سماجی انصاف پر مبنی نظام لانے کی ضرورت ہے جہاں سب کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور کسی کو بنیادی سہولتوں کے حصول کی فکر لاحق نہ ہو۔ ملک میں امن اور خوشحالی لانے ، مایوسیوں کو خوشیوں میں بدلنے اور مجبوریوں کو راحتوں میں ڈھالنے کیلئے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو کم کرنا ہوگا اور ملک میں خونی انقلاب کا راستہ روکنے کے لئے 21 کروڑ عوام کو آسودہ اور خوشحال بنا کر قائدؒ و اقبالؒ کے خواب کو تعبیر دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلیٰ میں سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین کی کتاب ’’گورننگ دی ان گورن ایبل‘‘ "Governing The Ungovernable" کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کو درپیش حالات، مسائل اور چیلنجز پر ایک شاندار کتاب لکھی ہے اور اس کتاب کا عنوان ہمیں درپیش چیلنجز کی نشاندہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرکے ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکتا ہے۔اس ضمن میں بلدیاتی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں ان اداروں کے سالانہ آڈٹ پر توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے اور ان میں شفافیت لانے کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر متزلزل یقین، پختہ عزم اور محنت سے آگے بڑھیں تو ہم اپنی منزل پاسکتے ہیں۔ توانائی منصوبوں سمیت تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال ،گجرات کے باہر نومولود بچی کے جنم لینے کے واقعہ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ہسپتال کے ایم ایس کو فوری طو رپر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ بروقت علاج معالجے کی سہولت فراہم نہ کرنے پر ویمن میڈیکل افسر اور متعلقہ عملے کو بھی معطل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔وزیراعلیٰ نے عینک والا جن کے شہرت یافتہ فنکار منالاہوری (مطلوب الرحمن) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن