گوجرانوالہ: بھائی کی خودکشی کا سن کر دوسرے کے بعد تیسرا بھائی بھی صدمے سے چل بسا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )شہباز کالونی میں جاں بحق ہونیوالے تینوں بھائیوں کے گھر سے اکٹھے جنازے اٹھنے پر قیامت برپا ہو گئی ، متوفیاں کو آہوں و سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز 30 سالہ زاہد نے گھریلو جھگڑے پر دلبر داشتہ ہو کر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی جس کا صدمہ برداشت نہ کر نے کے باعث اسکے دو بھائی 36 سالہ غلام عباس اور 27 سالہ صدام دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے جل بسے تھے ،تاہم تینوں بھائیوں کی المناک ہلاکت پر علاقہ کی فضا سوگوار اور لواحقین پر سکتہ طاری ہو گیا ۔جاں بحق ہونیوالا غلام عباس چھ بچوں کا باپ تھا جن میں تین بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں ، تینوں بھائیوں کے گھر سے اکٹھے جنازے اٹھنے پر قیامت برپا ہو گئی ، لواحقین نعشوں سے لپٹ پر چیخ و پکار کرتے رہے ۔ متوفیاں کو آہوں و سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ دوسری جانب ورثاء کا کہنا تھا کہ زاہد اپنی چھوٹی بہن کے گھر گیا ہوا تھا جہاں اس نے خود کو گولی مارکرخودکشی کرلی ،تینوں بھائیوں کی موت کی خبر نے اہل علاقہ کو سوگوار کردیا ۔ادھر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ زاہد کی بیوی نے اس سے طلاق لیکر اس پرکیس کررکھا تھا جس کی وجہ سے وہ پریشان تھا اور اسی عالم اس نے خودکشی کرلی جبکہ پولیس کے مطابق جان بحق ہونیوالے افراد کے اہل خانہ نے قانونی کاروائی کروانے سے انکار کر دیا ہے۔