انتخابات میں ن لیگ دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی: سعد رفیق
لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی لیکن ہمارے ذہن میں کسی کی طاقت کو کم کرنے ، گرانے یا جنگ کرنے کو کوئی منصوبہ یا سوچ موجود نہیں ،ہمارا سنگل لائن مطالبہ ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی و قانونی حدود میں رہ کر کام کریں اور ایک دوسرے کا باہمی احترام ہونا چاہیے اور اسی سے پاکستان آگے بڑھے گا ،نواز شریف کو آج سے نہیں بلکہ 1990ء سے مائنس کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں لیکن وہ توکل کرنے والے بندے ہیں اور اللہ کا فضل شامل حال ہے او روہ مائنس نہیںہوئے ۔ جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے میڈیا کے حوالے سے بات کر دی ہے اب میڈیا کو اپنے بارے میں جائزہ لینا چاہیے اور وہ لوگ جو معاملات کو تیز کرنے میں لگے ہوئے ہیں وہ اپنے کردار کا جائزہ لیں ۔ انہوںنے کہا کہ جس طرہ دیگر اداروں کا احترام لازم ہے اسی طرح پارلیمنٹ کابھی احترام بھی لازم ہے ۔ اور ہم باہمی احترام سے ہی آگے بڑھیں گے ۔ اگر اپنی حدود سے تجاوز کیا گیا تو اس سے ریاست کو نقصان ہوگا ۔ سبب کو اپنی حدود کو کراس نہیں کرنا چاہے بلکہ سمجھ جانا چاہیے اور ایسے اقدامات ہونے چاہئیں جس سے درجہ حرارت نیچے آئے ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف سپریم لیڈر اور وہی پارٹی کے سربراہ ہوں گے ، انہی کا ووٹ بینک ہے ۔ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کو مائنس کرنے کیکوشش پہلی بار نہیں ہو رہی بلکہ 1990ء سے یہ کوششیں چلی آرہی ہیں اور آج 2018آ گیا ہے ۔