• news

بھارتی سپریم کورٹ نے 100 سال پرانے پانی کے تنازعہ کا فیصلہ سنا دیا

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی سپریم کورٹ نے تقریباً ایک صدی پرانے پانی کے تنازعے سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے، یہ فیصلہ بھارت کے بڑے دریاؤں میں سے ایک دریائے کاویری سے متعلق ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے اس بنچ کی سربراہی چیف جسٹس دیپک مِشرا خود کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کرناٹک ریاست کو ملنے والے دریائی پانی میں اضافہ جبکہ تامل ناڈو ریاست کے لیے پانی کا مخصوص کوٹہ کم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ دریائے کاویری بھارت کے بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے اور اسے کرناٹک اور تامل ناڈو کی ریاستوں کے لیے انتہائی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ یہ دریا کرناٹک ریاست سے بہتا ہوا نیچے کی طرف ریاست تامل ناڈو کی طرف جاتا ہے اور پھر خلیج بنگال سے بحرہند میں جا گرتا ہے۔سپریم کورٹ کے حکم نامے کے مطابق ریاست کرناٹک اب تقریباً ایک سو ستتر بلین کیوبک فٹ پانی تامل ناڈو کو دیا کرے گی۔ یہ اس کوٹے سے ایک سو بانوے بلین کیوبک فٹ کم ہے، جو پہلے تامل ناڈو کو فراہم کیا جاتا تھا۔ قبل ازیں تامل ناڈو کے لئے پانی کا یہ کوٹہ 2007ء میں بننے والے کاویری واٹر ٹربیونل نے مختص کیا تھا۔کرناٹک حکومت کے مشیر موہن وی کٹرکی کا عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ اس فیصلے کے دوررس نتائج ثابت ہوں گے اور یہ امن کے ساتھ ساتھ تلخیوں کے خاتمے کا موجب بھی بنے گا، یہ ایک متوازن فیصلہ ہے۔دریائے کاویری ایک طویل عرصے سے دونوں ریاستوں کے درمیان تنازعے کا باعث بنا ہوا ہے۔ دونوں ریاستوں کا موقف ہے کہ ان کے کسانوں کو اپنی فصلوں کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت ہے۔ دونوں ریاستوں کے مابین یہ تنازعہ ماضی میں کیے جانے والے دو معاہدوں کے بعد شروع ہوا تھا۔ ان میں سے ایک معاہدہ 1892ء جبکہ دوسرا 1924ء میں طے پایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن