یہودیوں کی شرانگیزی‘ مسجد ابراہیمی میں محفل موسیقی ‘ فلسطینیوں کا شدید احتجاج
الخلیل (اے این این)فلسطینی محکمہ اوقاف نے انتہا پسند یہودی شرپسندوں کی جانب سے تاریخی جامع مسجد ابراہیمی میں رقص اور موسیقی کی محفل منعقد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مقدس مقام کی توہین قرار دیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ناپاک صہیونیوں نے مسجد ابراہیمی میں رقص اور موسیقی کی محفل کے ساتھ شراب نوشی جیسی اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا جس کے نتیجے میں اس مقدس اور طاہر مقام کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے۔ دریں اثناء مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یہودی آباد کاروں نے ایک16 سالہ فلسطینی بچے پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں اسے گہری چوٹیں آئی ہیں۔ 16 سالہ ایاد عبدالرحمن یوسف سیلہ الزھر کے مقام پر دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل کود میں مصروف تھا۔سیلہ الزھر قصبے کے چیئرمین اسعد حنتولی نے بتایا کہ حومیش یہودی کالونی سے آئے تھے۔ زخمی بچے کو تشویشناک حالت میں ایک مقام ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔