پی پی پنجاب‘ مسلم لیگ ن سندھ میں ختم ہوچکی‘ حکمرانوں کے دن تھوڑے ہیں: پیر پگاڑا
نوشہرو فیروز (نوائے وقت رپورٹ) پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ آصف زرداری تو کونسلر بھی نہیں بنے، نوازشریف بھی وزیراعظم بن گئے۔ کاشتکار شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ آج کاشتکارکی فصل خریدنے والا کوئی نہیں۔ کہا جاتا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں وہ لوگ ہیں جو کونسلر بھی نہیں بن سکتے۔ خدا رحم کرے ہم ایسے حکمرانوں میں پھنس گئے ہیں۔ ایک کہتا ہے میں اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا دوسرا عدلیہ اور فوج کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتا ہے۔ خدا کی مہربانی سے جرائم پر عدالت فوری نوٹس لیتی ہے، دہشتگردی پاک فوج اور رینجرز نے ختم کی ہے۔ پاک فوج کی وجہ سے ملک میں امن ہے اور ہم آزادی سے گھوم رہے ہیں حکمرانوں کے دن تھوڑے ہیں۔ پی پی کہتی ہے اگلی حکومت ہماری ہوگی وزیراعظم ہمارا ہوگا۔ پنجاب میں پی پی اور سندھ میں ن لیگ ختم ہوچکی ہے۔ ایک دوسرے سے دوستی نے دونوں جماعتوں کو تباہ کردیا۔ سندھ میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ حروں کے روحانی پیشوا نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں سندھ ڈیموکریٹک الائنس سندھ بھر سے بے مثال کامیابی حاصل کرے گا سندھ ڈیموکریٹک الائنس کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کونسلر کی اہلیت نہ رکھنے والا آصف علی زرداری پاکستان کا صدر بن گیاجس کی وجہ شہرت سے پورا ملک واقف ہے،سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کرپشن مافیا کا راج ہے تعلیم،صحت ،بلدیات سمیت دیگر اداروں میں کرپٹ مافیا خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہے۔سابق پی پی پی رہنما ڈاکٹر ذولفقار مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری مافیا نے سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اب ان سے جان چھڑانا پڑے گی، پاکستان عوامی تحریک کے ایازلطیف پلیجونے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کرکے سندھ کے اداروں کو تباہ کرنے والے کسانوںسے ظلم اور سندھ کی زراعت کو تباہ کررہے ہیں ۔نیشنل پیپلز پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا کہ ضلع نوشہروفیروز کی عوام نے پی پی پی کو رد کردیا ہے۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ سندھ تباہی کا منظر پیش کررہا ہے۔سابق ممبر سندھ اسمبلی عرفان اللہ مروت نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔جلسے سے ممبر سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی،سید احمد علی شاہ،آغا تیمور پٹھان،شہریارخان مہرنے بھی خطاب کیا۔سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ عدالتوں سے جھگڑا کرکے کام کیسے چلے گا۔ یہ ملک کی سب سے بڑی عدالت ہے۔ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ مانا جاتا ہے۔ بھٹو پھانسی پر چڑھ گئے ۔ یوسف رضا گیلانی ہٹ گئے۔ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ تمہیں عدل کرنا نہیں آتا۔ اس لئے نکالا۔ پاک فوج جانیں قربان کرکے ملک کی حفاظت کر رہی ہے۔ پاک فوج سے لڑنا کم عقلی ہے۔ صفدر عباسی نے کہا کہ گزشتہ دس سال کی زرداری ٹولے کی حکومت سے ایک ایک حساب لیں گے۔