• news

بلین ٹری منصوبہ ہمارا فخر، دنیا میں پذیرائی ملی، پنجاب سندھ کے جنگلات پر ٹمبر مافیا قابض: چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد (این این آئی+ اے این این) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ ہمارا فخر ہے اس پر تنقید صرف اس لیے ہورہی ہے کیونکہ یہ پراجیکٹ پی ٹی آئی نے شروع کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے مزیدکہا یہ پہلا ماحولیاتی منصوبہ ہے جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے اور لوگ منصوبے پر محض اس لئے حملے کررہے ہیں کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا۔ انہوں نے کہا منصوبے پر محض اس لئے حملے کرنا کہ اسے تحریک انصاف نے شروع کیا یہ کہاں کی عقلمندی ہے، ٹمبر مافیا نے سندھ اور پنجاب کے جنگلات پر قبضہ کرکے انہیں تباہ و برباد کردیا ہے، جبکہ تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم پر حملوں کے بجائے پنجاب اور سندھ کے جنگلات کی فکرکرنی چاہیے۔ نیٹ نیوز کے مطابق نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک انٹرویو میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاناما کیس میں نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراض کردیا۔ عمران خان نے کہا کیس پاناما کا تھا مگر نواز شریف کو سزا اقامے پر دے دی گئی۔ نوازشریف عدلیہ کے خلاف تقریریں کررہے ہیں عوام کو اکسارہے ہیںمگر عدلیہ نے کچھ نہیں کیا،اس لئے سابق وزیراعظم شیر ہوگئے ہیں۔عمران خان نے مزید کہا نوازشریف کے خلاف پاناما کے بجائے اقاما پر سزا دے کر ایک کمزور فیصلہ دیا گیا ،میں نے اس پر اعتراض اس لئے نہیں کیا کیونکہ وہ عدلیہ پر تنقید نہیں کرنا چاہتے تھے۔ عام آدمی کی جانب سے نوازشریف کے بیانیے کو پسند کرنا عارضی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن