خواتین کے قبرستان جانے میں کوئی ممانعت نہیں: سعودی رکن پارلیمنٹ
ریاض(این این آئی)سعودی مجلس شوری(پارلیمنٹ) کے رکن ڈاکٹر عیسی الغیث نے کہاہے کہ خواتین کو قبرستان جانے کی اجازت دی جائے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رکن شوری ڈاکٹر الغیث نے کہا کہ عوام الناس کے فائدے کو مدنظر رکھتے ہوئے خواتین کو قبرستان جانے کی اجازت فراہم کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ تاہم اس کیلئے باقاعدہ قانون سازی کرکے قواعد مرتب کئے جائیں جن پر باقاعدگی سے عمل ہو ۔ دوسری جانب حائل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر خلف الشغدلی کا کہنا تھا کہ جمہور علماء کے نزدیک اس امر میں کوئی ممانعت نہیں کہ خواتین قبرستان جائیں ۔ تاہم ہمارے معاشرے میں اس کا رواج نہیں رہا ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے قبرستان جانے کیلئے مرد و خواتین کیلئے کوئی تفریق نہیں کی تھی ۔ ڈاکٹر الشغدلی نے مزید کہا کہ امید ہے کہ قواعد مرتب کرکے اس امر کی اجازت دے دی جائیگی ۔