• news

سربراہ جے آئی ٹی پرسوں عدالت طلب‘ نوازشریف‘ مریم‘ صفدر کو بھی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(نا مہ نگار) احتساب عدالت نے شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سربراہ جے آئی ٹی واجد ضیا کو ریکارڈ سمیت پرسوں 22فروری کو طلب کرلیا ہے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بھی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایون پراپرٹیز ریفرنس میں دو غیر ملکی گواہوںفرانزک ایکسپرٹ رابرٹ ریڈلی اور راجا اختر کا وڈیو لنک سے بیان بھی 22فروری ریکارڈ کیا جائیگا۔احتساب عدالت کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ واجد ضیا 22فروری کو جے آئی ٹی کے اصل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں، ویڈیو لنک پر دو گواہوں کے بیانات قلمبند بندکرنے کیلئے اصل ریکارڈ ضروری ہے، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بھی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واجد ضیا پہلی بار نواز شریف کی موجودگی میں عدالت میں آئیں گے۔ جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے واجد ضیا کو اوریجنل ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز پر 13ستمبر کو پہلی مرتبہ سماعت کرتے ہوئے شریف خاندان کو 19ستمبر کو طلب کر لیا تھا تاہم وہ اس روز وہ پیش نہیں ہوئے جس کے بعد عدالتی کارروائی 26ستمبر تک کیلئے موخر کردی گئی تھی جہاں نواز شریف پہلی مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے۔نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ لندن چلے گئے۔ نیب حکام کے مطابق سردار مظفر عباسی پرسوں لندن میں پاکستانی ہائی کمشن جائیں گے۔ سردار مظفر کی موجودگی میں استغاثہ کے دو گواہوں کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن