جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن پر پابندی عائد کرنے کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال
اسلام آباد (طاہر نیاز/ دی نیشن) وفاقی حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حافظ سعید کے خلاف پابندی لگانے کیلئے بہت زیادہ عالمی دبائو کا سامنا ہے۔ حکومت نے پہلے ہی جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت کے اکائونٹس کو منجمد کر دیا ہے۔ دی نیشن کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کیلئے ایک سمری ارسال کر رکھی ہے جس میں وزارت داخلہ نے دونوں تنظیموں پر پابندی عائد کرنے کی وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ وفاقی کابینہ سے کہا گیا ہے کہ کیونکہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن پر پابندی عائد کرنے کیلئے بہت زیادہ عالمی دبائو ہے اس لئے پابندی کیلئے قانون سازی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے معاملہ خفیہ ایجنسیوں کو رپورٹ کرنے کیلئے بھیجا ہے جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کے نمائندہ کو بھی نظرثانی کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنے کیلئے طلب کیا جائے گا۔