اختیارات کا ناجائز استعمال، چیئرمین نیب نے اکرم درانی کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا، رینٹل کیس میں 3602 ملین وصول کئے، عرفان منگی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال ،مبینہ طور پر غیر قانونی پلاٹس کی الاٹمنٹ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ اکرم درانی پر الزام ہے انہوں نے پی ایچ اے فائونڈیشن کی زمین واقع کری روڈ سیکٹر I-12اور سیکٹر I-16میں اپنے من پسند افراد کو پلاٹ الاٹ کیے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا مبینہ طور پر نقصان پہنچا۔ مزید برآں قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے رینٹل پاور پراجیکٹ (آر پی پی) کے مقدمے میں 3601.965 ملین روپے وصول کرکے قانون کے مطابق متعلقہ ٹھیکیداروں / سپانسرز اور سرکاری اداروں میں تقسیم کئے ہیں۔ نیب راولپنڈی نے احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 11ریفرنسز دائر کئے۔ سکینڈل کے مرکزی ملزموں میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین، سابق سیکرٹری/ چیئرمین پیپکو اسماعیل قریشی، سابق سیکرٹری/چیئرمین پیپکو شاہد رفیع، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ، سرکاری افسران ، میسرز جی ای شرقپور لمیٹڈ کے خلاف آر پی پیز کو ٹھیکے دینے کا مقدمہ انویسٹی گیشن کے مرحلہ میں ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایات کے تناظر میں راولپنڈی بیورو بد عنوانی کے خاتمے کے لئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔