اسلام آباد ہائیکورٹ: کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت برقرار‘ فیصلہ چیلنج کریں گے: نیب
اسلام آباد (وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت برقرار رکھی ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے نیب کی درخواست پر سماعت کے بعد 14 دسمبر 2017ء کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو گزشتہ روز سنا دیا گیا۔ نیب نے احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں پیش نہ ہونے پر کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس پر نیب اہلکاروں نے انہیں لندن سے واپس پر ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا تھا۔ بعدازاں احتساب عدالت نے 9 اکتوبر کو کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ دوسری طرف نیب نے کہا ہے کہ وہ کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت برقرار رکھنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔