• news

سینٹ انتخابات، گورنر خیبر پی کے، پرویز خٹک میں رابطہ

پشاور/ اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں + وقائع نگار) سینٹ انتخابات کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور اس کی سیاسی حریف جماعت تحریک انصاف میں رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے سینٹ الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ان سے رابطہ ہوا ہے جس کے بعد سینٹ انتخابات کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھنے کے امکانات ہیں۔ الیکشن کمشن نے سینٹ انتخابات کیلئے حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔ دستبردار ہونیوالوں میں 8 پیپلزپارٹی، 9 امیدوار متحدہ کے ہیں۔ ایم کیو ایم کے فروغ نسیم نے ٹیکنو کریٹ کی نشست سے کاغذات نامزدگی واپس لئے وہ اب جنرل نشست پر سینٹ کا انتخاب لڑیں گے۔ بلوچستان سے نیشنل پارٹی کے ناظم دین، طاہر بزنجو کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے سینٹ انتخابات میں جنرل نشست پرکاغذات نامزدگی واپس لے لیے، اب وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست سے سینٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پنجاب کی 12 نشستوں پر 20 امیدوار، سندھ میں پیپلزپارٹی کے 12 امیدوار میدان میں رہ گئے۔ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے 15 میں سے 9 امیدواروں نے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ پانچ امیدوار ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ کی جانب سے الیکشن لڑیں گے۔ الیکشن لڑنے والوں میں فروغ نسیم، نسرین جلیل،عامر چشتی، عبدالقادر خانزادہ اور سنجے پروانی شامل ہیں۔ نسرین جلیل خواتین، عبدالقادر خانزادہ ٹیکنو کریٹ نشست پر امیدوار کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ سنجے پروانی اقلیتی نشست پر ایم کیو ایم کے حتمی امیدوار ہوں گے۔ دوسری طرف احمد چنائے، حسن فیروزہ،علی رضاعابدی، نگہت شکیل، امین الحق دستبردار ہوگئے۔ کامران ٹیسوری کا نام بھی حتمی امیدواروں میں شامل نہیں۔ ادھر صوبائی الیکشن کمشنر نے خالد مقبول صدیقی کا خط مسترد کردیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق چار بجے کے بعد کوئی خط موصول نہیں کرسکتے۔ ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے مسلم لیگی امیدوار برائے سینٹ اسد جونیجو کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ خیبر پی کے سے 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس کے بعد 27 امیدوار کے درمیان 11 نشستوں کیلئے مقابلہ ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن