• news

مریم اورنگزیب خصوصی کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب‘اللہ عمران کو سکون بھی دے: وزیر مملکت

اسلام آباد (آن لائن، آئی این پی، این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تیسری شادی کی مبارکباد اور خوشیوں کی دعا دیتے ہوئے کہا ملک میں پہلی دفعہ جمہوری حکومتیں پانچ سال مدت پوری کر رہی ہیں۔ پاکستان انتخابات میں تاخیر کامتحمل نہیں ہوسکتا‘ انتخابات بروقت ہوں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ عمران کو شادی کے ساتھ سکون بھی دے۔آئی این پی کے مطابق ملک میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور سخت قوانین بنانے کیلئے قائم کی گئی قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کو چیئر پرسن منتخب کر لیا گیا۔ چیئر پرسن منتخب ہونے کے بعد مریم اورنگزیب نے کہا کمیٹی میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے موجودہ قوانین اور پراسیکیوشن کے طریقہ کارکا جائزہ لیا جائے گا،قوانین میں بہتری اور عملدر آمد کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز ،صوبائی حکومتوں اورسول سوسائٹی کے نمائندگان سے مشاورت کی جائے گی۔ بچوںسے زیادتیوںکے خلاف قائمہ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہازینب قتل کیس میں عدالت کی جانب سے جلد فیصلہ سنانا نہایت خوش آئند ہے،پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں زینب کیس کے شواہد اکٹھے کیے جوقابل ستائش ہے،تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے تجاویز کے بعد ضرورت کے تحت قوانین میں ترامیم کی تجویز دی جائے گی تا کہ مستقبل میںکوئی بھی ہمارے بچوں کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے،بچوں پر تشدد سے متعلق آگہی ،مناسب تربیت اور روک تھام کے طریقوںکے بارے میں معلومات تعلیمی نصاب میں شامل کرنا بھی زیر غور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن