• news

وزیراعظم روزانہ چیف جسٹس کے خلاف زہر اگل رہے ہیں: فواد چودھری

لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہاکہ عمران خان کی شادی کی نیک تمنائوں پر سب کا شکریہ۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمشن میں پی پی پی اور پی ایم ایل (ن)کی فارن فنڈنگ پر پٹیشن دائر کی ہے۔ تمام جماعتیں پابند ہیں کہ اپنی فنڈنگ پبلک کریں۔ نوازشریف نے اپنی جماعت کا اکائونٹ بھی منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا ہے۔ وزیراعظم روزانہ چیف جسٹس کے خلاف زہراگل رہا ہے تو پتہ نہیں ملک کیسے چل رہا ہے۔ ججز پر پارلیمنٹ میں بات کرنے کے لئے پہلے آئین میں قانونی ترمیم ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے الیکشن کمشن میں جمع کاغذات کے مطابق ان کا لاہور میں پارٹی کا اپنا دفتر بھی نہیں ہے۔ نوازشریف جس کسی سے بھی ہاتھ ملاتے ہیں پیسوں کی لین دین کی بات کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار، کیپٹن شاہین یا زبیر گل ہوں سینٹ ٹکٹ کے لئے آپ کے لئے منی لانڈر ہونا ضروری ہے۔ شاہد خاقان اپنے قائد نااہل نوازشریف کو بھی کہیں کہ وہ اداروں کی توہین نہ کریں۔ نوازشریف کے بچوں نے 16 کمپنیاں بنائیں اور نوازشریف بتادیں کہ ساڑھے تین سو ارب کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی تقریر میں صرف اداروں کے لئے گالیاں ہیں۔ نوازشریف اب جواب دیں یا پھر انہیں اڈیالہ جیل بھیجا جائے ۔ ایسا نہیں ہو سکتا کہ چھوٹے چوروں کو جیلوں میں ڈالیں اور بڑے چوروں کو پروٹوکول دیا جائے۔ اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کرانے میں شاہد خاقان نے مدد فراہم کی اور وزیراعظم کا جہاز استعمال ہوا۔ اسحاق ڈار کو بھگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ اب پورا پلان بنایا جا رہا ہے کہ باقی سب کو بھی ملک سے بھگایا جائے۔ فواد چودھری نے کہاکہ جو بھی فنڈنگ باہر سے آئی ہے اس کے ایفیڈیوڈ پر نوازشریف کے دستخط ہونے چاہئیں۔ اگر ہماری پٹیشن الیکشن کمشن میں منظور ہوتی ہے تو (ن) لیگ الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور ان کے ساتھ بھی عام مجرموں جیسا سلوک کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ جب مرضی شادی کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے زبیر گل کو پارٹی ٹکٹ دیا۔ زبیر گل کا کریمنل بیک گرائونڈ ہے۔ زبیر گل پاکستان میں قتل کے بعد لندن فرار ہو گئے تھے۔ وہ لندن پولیس کو مختلف جرائم میں مطلوب رہے۔ کیپٹن (ر) شاہین کو امریکہ میں منی لانڈرنگ پر سزا ہو چکی۔

ای پیپر-دی نیشن