• news

نواز شریف نے اسمبلی میں منی ٹریل پر کس آئین کے تحت جھوٹ بولا: طاہر القادری

لاہور (صباح نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اسی اسمبلی کے فلور پر نواز شریف نے منی ٹریل کے حوالے سے جھوٹ بولا یہ جھوٹ کس آئینی حدود کے اندر تھا؟ چھانگا مانگا میں ووٹوں کی خرید و فروخت کونسی جمہوری روایات کے تحت تھی، ماڈل ٹائون میں 100لوگوں کو گولیاں کس آئین اور قانون کے تحت ماری گئیں؟۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اشرافیہ کو آئین کی وہی شقیں اچھی لگتی ہیں جو انکی لوٹ مار کو تحفظ دیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ 97ء میں نواز شریف نے کس قانون کے تحت سپریم کورٹ پر حملہ کیا؟ اور شہباز شریف نے 2008 میں کس آئین اور جمہوریت کے تحت ق لیگ کے 42 ایم پی ایز توڑ کر فارورڈ بلاک بنایا اور پھر انہی لوٹوں کے ذریعے 5سال حکومت کی؟ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی پی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو نکالا اس پر کرپشن کا کوئی الزام نہ تھا اس کے باوجود پی پی نے اقتدار میں ہوتے ہوئے عدلیہ کے خلاف مہم چلائی نہ ججز کو گالیاں دیں؟ تخت لاہور خود کو آئین سے بالا سمجھتا ہے اس طرح ملک نہیں چلتے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیشہ کیلئے فیصلہ کر لیا جائے کہ اس ملک میں آئین بالادست ہے یا مافیا؟۔

ای پیپر-دی نیشن