قصور: پسند کی شادی‘ بہو کو زندہ جلا ڈالا یا خودکشی‘ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
قصور (نمائندہ نوائے وقت) پسند کی شادی کا خوفناک انجام۔ سسرالیوں نے دلہن پر تیل چھڑک کر زندہ جلا ڈالا یا خودکشی۔ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ ڈی پی او زاہد نواز مروت‘ ایس پی انویسٹی گیشن کا جائے وقوعہ کا دورہ۔ پی ایف ایس اے کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے۔ ساس اور ایک نند زیرحراست۔ دوسری کی گرفتاری کیلئے چھاپے۔ تفصیلات کے مطابق اٹاری سروبہ ضلع لاہور کے محمد منشاء نے تھانہ صدر قصور میں مقدمہ درج کروایا کہ میری بیٹی ارم شہزادی کی شادی لادھیکی کے قمر کے ساتھ ہوئی۔ تین بیٹے ہیں۔ اکثر اوقات میاں بیوی میں جھگڑا رہتا تھا۔ 16 فروری کو اطلاع ملی بیٹی ارم شہزادی کو خاوند نے مارا پیٹا جو میں 18 فروری دیگر کے ہمراہ بیٹی کے سسرال لدھیکی آیا۔ اس دوران تلخ کلامی ہوئی۔ ملزمان بشریٰ بی بی اور سدرہ بی بی نے قمر کو کہا ارم شہزادی کو آگ لگا دو میرے داماد قمر نے میری بیٹی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ میری بیٹی ارم شہزادی شدید جھلس گئی جسے شدید زخمی حالت میں پہلے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور پہنچایا بعد میں جناح ہسپتال ریفر کر دیا۔ ارم شہزادی دم توڑ گئی۔ دوسری جانب ارم شہزادی کی ساس سنوراں بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ ارم شہزادی بچوں کو مار پیٹ رہی تھی۔ منع کرنے پر قمر اور ارم شہزادی کے درمیان جھگڑا ہوا تو ارم شہزادی نے خود کو کچن میں بند کرکے خود کو آگ لگا دی۔ تاہم تھانہ صدر پولیس نے خاوند قمر اور اس کی دو بہنوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ساس سنوراں بی بی‘ ایک نند بشریٰ بی بی کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ واقعہ کی اطلاع پا کر ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت اور ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ نے جائے وقوعہ کا دورہ کا۔ حالات و واقعات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او قصور نے کہا کہ ایف ایس اے کی ٹیم نے کرائم سین کے دوران شواہد اکٹھے کر لئے۔ اصل حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیکر روانہ کر دی گئی ہیں جنہیں جلدگرفتار کر لیا جائے گا۔