• news

خارجہ پالیسی کی ناکامی‘ عرب ممالک ہمارے ازلی دشمن سے دوستی کررہے ہیں: سراج الحق

اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے عرب ممالک آج پاکستان کی بجائے ہمارے ازلی دشمن ہندوستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں‘ سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہم ایران سے اپنے تعلقات خراب کرلیں‘ عمران خان کو شادی پر مبارکباد دیتے ہیں اور ساتھ دعا کرتے ہیں ان کی زندگی میں ٹھہرائو آئے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا جب معاشرے کی قیاد ت کرنے والے اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھیں گے تو سماجی انصاف ممکن نہیں ہوسکے گا‘ ہمارے ملک میں قانون کی گرفت میں امیر نہیں آتے بلکہ غریب آتے ہیں‘ امیر قانون کو اپنی جیبوں میں لئے پھرتے ہیں۔ جبکہ غریب جیلو ں میں ہوتا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق اسلام آباد میں چار ملکی فٹسال ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ کے موقع پر سراج الحق نے کہا بین الاقوامی سطح پر صحتمندانہ سرگرمیوں بالخصوص کھیلوں کے فروغ سے جنگ کی نفرتوں کے شعلوں کو بجھایا جا سکتا ہے پوری دنیا میںان سرگرمیوں کے ذریعے عالمی امن کو یقینی بنا سکتی ہے کھیل سب قوموں کا مشترکہ اثاثہ ہیں عشائیہ میں فٹسال ٹورنامنٹ میں شریک چاروں ممالک ترکی ، برازیل، نیپال ، پاکستان کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شرکت کی پاکستان میں ترکی کے سفیر اور برازیل کے نائب سفیر سمیت کھیلوں سے متعلق دیگر غیر ملکی شخصیات بھی موجود تھیں ۔

ای پیپر-دی نیشن