زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی‘ تیز دھار آلے سے سزا دینے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں بھی ننھی زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی پر لٹکانے اور تیز دھار آلے سے سزادینے کیلئے درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قصور میں زینب سمیت ننھی بچیوں سے زیادتی کے ملزموں کے مکروہ عمل سے معاشرے میں انتشار پھیلا۔ عمران کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا جائے۔ بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران کا گھنائونا عمل اسلامی شریعہ کی روح سے فتنہ و فساد فی الارض کے زمرے میں آتا ہے۔ عمران کا سرعام تیز دھار آلے سے سر تن سے جدا کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔