عاصمہ رانی کے قاتل کی تصویر انٹرپول کے خطرناک اشتہاریوں کی ویب سائٹ پر جاری
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) کوہاٹ کی عاصمہ رانی کے قتل کے ملزم کی تصویر انٹرپول کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم مجاہد کی تصویر گرفتاری کی غرض اور شناخت کیلئے جاری کی گئی ہے۔ خیبر پی کے پولیس نے ملزم مجاہد کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا۔ تصویر ویب سائٹ میں خطرناک اشتہاریوں کی فہرست میں شامل ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں رشتہ کے تنازعہ پر قتل کی جانے والی ڈاکٹر عاصمہ رانی کے بھائی نے سیاسی دبائو اور دیگر لاحق خطرات کے پیش نظردرخواست ضمانت اور قتل کا مقدمہ کوہاٹ سے پشاور منتقل کرانے کیلئے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دے دی ہے، ایڈوکیٹ غلام محی الدین اور فاروق ملک کی وساطت سے دائر درخواست میں عاصمہ رانی کے بھائی محمد عرفان نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان کا تعلق سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے خاندان سے ہیں جبکہ ان کو جانی خطرات بھی لاحق ہیں ۔ درخواست میں حکومت اور ملزم شاہ زیب ولد اورنگزیب ساکن کے ڈی اے کوہاٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق ملزمان مقامی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے کی وجہ سے سماعت کے دن بڑی تعداد میں سپورٹر ز کے ہمراہ آتے ہیں اور درخواست گزار کو ہراساں کرتے ہیں اور پریشر ڈالتے ہیں اس معاندانہ ماحول درخواست کو زندگی کے خطرات لاحق ہیں ان حالات میں درخواست گزار اور ان کے وکلاء کیلئے کوہاٹ کے عدالت میں مقدمہ کی پیروی کرنا محفوظ نہیں ہے لہٰذا عدالت سے درخواست کی جاتی ہے کہ انصاف کو یقینی بنانے کی خاطر ملزم کی درخواست ضمانت اور قتل کے مقدمہ کوضلع کوہاٹ سے پشاور منتقل کئے جانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔