لودھراں میں تحریک انصاف کی شکست بڑا دھچکا ہے : شیخ رشید احمد
اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ لودھراں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو دیکھ کر انہیں بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔ تحریک انصاف نے کوشش بہت کی، مگر پھر بھی کچھ چیزوں میں ایسی کمی تھی جس کی وجہ سے کامیابی نہ مل سکی۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا اعتراف کرتا ہوں کہ لودھراں کے نتائج نے مجھے بہت مایوس کیا اور اگر اتنی جدوجہد کے بعد لوگوں کو چور پسند ہیں تو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ عوام کا اپنا فیصلہ ہے۔اس سوال پر کہ لودھراں کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد خود آپکی جانب سے عمران خان کو کوئی نئی حکمت عملی دی گئی ہے تاکہ عام انتخابات میں کامیابی مل سکے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اس ناکامی پر سوچنے کی ضرورت ہے اور دیکھنا ہوگا کہ کہاں کہاں غلطیاں ہوئی ہیں۔ عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں اس حوالے سے چند مشورے بھی دینا چاہتے ہیں اور ان سے ملاقات ہوگی تو اس پر ضرور بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کو بھی تسلیم کرتا ہوں لودھراں کا ضمنی انتخاب موجودہ سیاسی تناضر میں کافی اہمیت کا حامل تھا جو نتیجہ آیا وہ اس سے کہیں زیادہ پریشان کن تھا۔