بلوچستان حکومت گرانے میںحساس ادارے کا براہ راست ہاتھ ہے: محمود اچکزئی
اسلام آباد(آئی این پی) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی حکومت گرانے میں ٖحساس ادارے کا براہ راست ہاتھ ہے، سینٹ انتخابات جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں، فوج ، ججز اور پارلیمنٹرینز آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں مگر سب دیکھ رہے ہیں کہ کیا تماشا ہو رہا ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی ایک طرف کہے کہ ہم آئین کے ساتھ ہیں اور ان کا ایک آدمی حکومتیں گرانے میں لگا رہے، سینٹ انتخابات کے لئے باقاعدہ منڈی لگی ہوئی ہے۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک رضاکارانہ فیڈریشن ہے ، ہر بات کا سوموٹو ایکشن لیا جاتاہے ایسا کیا ہو رہا ہے پاکستان میں؟ خدا کے لئے اگر اپنے حلف سے سچے ہیں تو سیاست میں مداخلت بند کریں۔ سینٹ انتخابات کے لئے باقاعدہ منڈی لگی ہوئی ہے۔ انسانوں کو منڈی بنا کر کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟۔