• news

ایبٹ آباد: رقاصہ نور سحر شادی کے گیارہویں روز سابق شوہر کے ہاتھوں قتل

ایبٹ آباد (آن لائن + اے این این) سابق شوہر نے ساتھیوں سے ملکر رقاصہ نور سحر کو قتل کر دیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب۔ اس ضمن میں پولیس اور مقامی ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ نیوسبزی منڈی کے قریب رہائش پذیر بیس سالہ نورسحر دخترزاہد حسین شادی بیاہ کی تقریبات میں رقص کرکے اپنے خاندان کی کفالت کرتی تھی۔ ایس ایچ اوکینٹ کیڈٹ حفیظ کے مطابق دس روز قبل نورسحر کی شادی ہری پور کے رہائشی ملک شیراز ولد ملک ابرار کے ساتھ بخیروخوبی سرانجام پائی۔ شادی کے پانچویں روز نورسحرنے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنے شوہر ملک شیراز سے طلاق لے لی اور گھر واپس آگئی۔ نورسحر جوکہ اپنے گھر میں اکیلی رہتی تھی۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب نورسحر کا سابق شوہر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر میں گھس گیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے قتل کرکے فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیوہسپتال پہنچایا۔ جہاں مقتولہ کے لواحقین بھی پہنچ گئے اور دہاڑیں مار مار کرروتے رہے۔ مقامی ذرا ئع کے مطابق مقتولہ نے اپنے شوہر سے شادی کے پانچویں روز طلاق لی تھی جس کا اس کے شوہر کو سخت رنج تھا۔ پیر کی صبح مقتولہ کے شوہر ملک شیراز کی بیرون ملک روانگی تھی۔ بیوی کو قتل کرنے کے بعد ملک شیراز شاید بیرون ملک فرار ہوگیاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ملزمان کے مسلم بیریئر سے باآسانی فرار پر ڈی پی او ایبٹ آباد نے سخت نوٹس لیاہے۔ جس کے بعد ایس ایچ او تھانہ کینٹ ملزم کی گرفتاری کیلئے رات بھر ہری پور کے مختلف مقامات پر چھاپے مارتے رہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پیر کے روز نورسحر کو نیوسبزی منڈی میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن