ایران کیساتھ دیرپا سفارتی‘ اقتصادی و تجارتی تعلقات چاہتے ہیں: پرویزخٹک
پشاور(بیورورپورٹ+آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایران ہمارا ہمسایہ دوست اور برادر ملک ہے جس کے ساتھ دیر پا سفارتی ، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں۔باہمی تعلقات کے استحکام کیلئے وفود کا تبادلہ بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔ خیبرپی کے جلدتجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بننے جارہا ہے ۔چین ، ملائیشیا ، روس اور دیگر بین الاقوامی ممالک کے سرمایہ کار خیبرپی کے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیںاور متعدد سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کئے جا چکے ہیں۔ صوبائی حکومت ایرانی سرمایہ کار کمپنیوں کو بھی خیبرپی کے میں سرمایہ کار ی کیلئے خوش آمدید کہے گی ۔ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ صوبائی حکومت ایرانی کمپنیوںکو پاکستان میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں بینک ٹرانزیکشن اور دیگر درپیش مسائل کے حل کیلئے بھی تعاون یقینی بنائے گی ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ایران کے قونصل جنرل محمد بی ،بیگی سے تبادلہ خیالات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری / کمشنر پشاور شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر پاکستان ایران تعلقات اور صوبائی حکومت اور ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن پورے خطے کیلئے ناگزیر ہے ۔ صوبائی حکومت نے افغانستان میں امن کیلئے کی گئی کوششوں کی پہلے بھی بھر پور معاونت کی ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں افغانستان کے قونصلر جنرل محمد معین مرستیال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔