علماء معاشرہ سے فرقہ واریت کے خاتمہ کا علم تھام لیں: گورنررفیق
لاہور(سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اگرہمارے علمائے کرام معاشرے سے فرقہ واریت کے خاتمے کا علم اپنے ہاتھوں میں تھام لیں تو دشمن خواہ کتنی ہی سازشیں کر لے وہ نہ تو ہم میں تفرقہ ڈال سکتا ہے اور نہ ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچا سکتا ہے ،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں علماء کاکردار قابل تحسین ہے اور اب فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے انہیں حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے بیس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہو ںنے ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں ان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ اسلام کے نام پر بننے والی اس مملکت خداداد میں اسلام کی سربلندی اور ملکی سالمیت کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا-