• news

شہباز شریف ، نواز سے بہتر وزیراعظم، آئندہ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی:مشرف

دبئی (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کیلئے نواز شریف سے بہتر قرار دیتے ہوئے پیشنگوئی کی ہے یہی حالات رہے تو آئندہ بھی وفاق میں مسلم لیگ(ن)اور سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی،موجودہ حکومت کے خاتمے کے بعد وطن آسکتا ہوں،نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق صدر نے کہا مریم نواز کو انکی پارٹی کے سیاستدان تسلیم نہیں کریں گے، شہباز شریف، نواز شریف سے بہتر وزیراعظم ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے تنظیمی بحران کے حوالے سے کہا فاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کے کسی دھڑے میں قائدانہ صلاحیتیں نہیں ۔میرا وژن وسیع ہے۔ ایم کیو ایم اس میں فٹ نہیں ہوتی ۔ ایم کیو ایم کو مہاجروں کا ترجمان سمجھنا سطحی سوچ ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما تو مزے کرتے ہیں مگر عوام مصیبتوں میں مبتلا ہے اور مہاجر عوام اور دیگر قومیتوں کو آپس میں لڑایا جاتا ہے۔ سابق صدر نے کہا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان میں بھی وژن نہیں البتہ ان کی شخصیت پرکشش ہے۔میں حقیقی لیڈرشپ پر یقین رکھتا ہوں جو نئے آئیڈیاز کے ساتھ آئے۔انہوں نے ملکی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان کی خواہش ہے نئے انتخابات نہ ہوں، کیونکہ موجودہ صورتحال کے باعث نئے انتخابات میں عوام کا نقصان ہی ہوگا۔ سپریم کورٹ غیر معینہ مدت کی عبوری حکومت کے قیام کا فیصلہ دے، جو سکیورٹی، ترقی اور ملکی خوشحالی کے لیے کام کرے اور اس کے بعد الیکشن ہوں۔ عدالت فوجی مداخلت کو غیر قانونی قرار دے چکی، اس لیے اب سپریم کورٹ کو ہی کوئی فیصلہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا انہیں مقدمے کا سامنا کرنے اور عدالت جانے پر اعتراض نہیں، تاہم غیر قانونی عدالتی فیصلے پر تحفظات ہیں، جو میرے ساتھ ہوچکا ہے'۔

ای پیپر-دی نیشن