زینب قتل، عمران کی سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل‘ سرعام پھانسی کی درخواست پر آج سماعت ہوگی
لاہور(وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قصور میں ننھی بچی زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی نے سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔عمران کی جانب سے کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے لاہور ہائیکورٹ میں انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی۔ عمران نے اپنے آپ کو بے گناہ ظاہر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انسداد دہشتگردی کا فیصلہ بڑی جلدی میں کیا گیا اور ٹرائل کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں زینب قتل کیس کے مجرم کو سرعام پھانسی دینے کیلئے درخواست کی سماعت آج جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کرے گا۔ درخواست گزار نے کہا کہ مجرم کو سرعام پھانسی دینے کیلئے قانون میں ترمیم کی ضرورت نہیں، مجرم کو سیکشن 22 کے تحت سرعام پھانسی دی جاسکتی ہے۔