• news

پبلک اکائونٹس کمیٹی وزیراعظم سے بالاتر ہے‘ خورشید شاہ: سیکرٹری خزانہ کی غیر حاضری پر برہمی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پبلک اکاونٹس کمیٹی کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں حالانکہ پی اے سی وزیراعظم سے بھی بالاتر ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خورشید شاہ کی سربراہی میں ہوا۔ انہوں نے سیکرٹری خزانہ کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاوس نے اجلاس شروع ہونے سے محض آدھے گھنٹے پہلے سیکرٹری خزانہ کو کیوں طلب کیا؟ کیا وزیراعظم پی اے سی کو غیر فعال کرنا چاہتے ہیں؟ اور خود کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے بالاتر سمجھتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو انہیں اپنی غلط فہمی دور کرلینی چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے سیکرٹری خزانہ کو اجلاس سے قبل واپس بلوانے کے معاملے پر وزیراعظم سے باز پرس کے لیے خط لکھوں گا، یہ پارلیمانی روایات کے خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کو پارلیمانی کمیٹی کے اہمیت کو سمجھنا ہوگا۔ چیئرمین پی اے سی کی برہمی پر حکومتی رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ آج کے اجلاس سے متعلق وزیراعظم کو خواب تو نہیں آیا تھا جو جانتے بوجھتے سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا ہو البتہ یہ ضرور ہے کہ سیکرٹری خزانہ کو پبلک اکاونٹس کمیٹی میں اپنی مصروفیت سے متعلق وزیراعظم ہاؤس کو مطلع کرنا چاہیے تھا تو عین ممکن ہے انہیں طلب نہیں کیا جاتا۔

ای پیپر-دی نیشن