• news

عدلیہ کے طرز عمل پر بحث اچانک روک کر قومی اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے ’’عدلیہ کے طرزعمل‘‘ پر اچانک بحث روک کر قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ پیر کے روز مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ’’عدلیہ کے طرزعمل‘‘ پر بحث شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ بحث جمعۃ المبارک تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے روز وزیراعظم‘ اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کی جانب سے پارلیمنٹ کی بالادستی پر بحث کرنے پر اتفاق رائے ہوا لیکن منگل کو یہ بحث ایک اور رخ اختیار کرنے لگی تو حکومت نے اس میں عافیت سمجھی کہ اجلاس ہی ملتوی کر دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماؤں نے حکومت کو مصالحانہ رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ وفاقی حکومت نے بھی مناسب یہی سمجھا کہ اس موضوع پر بحث کو مؤخر کر دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے عدلیہ کے کردار پر بحث مؤخر کر کے عدلیہ کو مفاہمت کا پیغام دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن