• news

پرانی گاڑیاں درآمد کرنے کی پالیسی جاری رہے گی‘ بجلی مہنگی کرنے کی سفارش مسترد

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی 2018ء پر مزید مشاورت کی ہدایت کی۔ افغان مہاجرین کا مسئلہ حل کرنے کیلئے مختلف سفارشات پر غور کیا گیا۔ افغان مہاجرین کے رہائشی تصدیق نامے کے اجراء میں دو مرتبہ توسیع کی گئی ۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ مہاجرین سے متعلق رپورٹ فریقین سے مشاورت کے بعد آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔ افغان مہاجرین کی وطن واپسی اور دیگر امور کا حل ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے حکومت پاکستان ہر ممکن اقدامات کرے۔ عالمی برادری افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے ذمہ داری پوری کرے۔ کابینہ اجلاس میں نئے اسلام آباد ائرپورٹ کا نام تجویز کرنیوالی کمیٹی نے رپورٹ پیش کی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد ائرپورٹ کا حتمی نام تجویز کیا جائیگا۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پر مزید غور کیا جائے گا۔ کابینہ نے نیپرا کی بجلی مہنگی کرنے کی سفارش مسترد کر دی۔ کابینہ نے بجلی کے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جی ایم کے تقرر کی منظوری دی گئی۔ پاکستان سٹیل اور قومی صنعتی پارکس کے درمیان زمین کی لیز کے تنازع پر غور کیا گیا۔ لیز تنازع کے حل کیلئے وزیر نجکاری دانیال عزیز کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیر نجکاری سے آئندہ اجلاس میں سفارشات طلب کر لیں۔ کابینہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔ غیر ملکی سرمایہ کاری سے معیشت بہتر اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کابینہ نے پاکستان اوریجن کارڈ کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی پاکستان اوریجن کارڈ پاکستان میں شادی کرنے والے غیر ملکیوں کو جاری کیا جائے گا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے منصوبوں کی توثیق کر دی۔ اجلاس میں سوئی سدرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ناموں کی بھی منظوری دی گئی۔ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی ۔کابینہ اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پرانی پالیسی کے تحت جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے پالیسی کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلے پر غور کے بعد پالیسی کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت آئندہ مہینوں میں توانائی کی طلب و رسد سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرتوانائی سردار اویس احمد لغاری اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو جولائی تک بجلی کی متوقع طلب اور پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر رابطوں کی ہدایت کی۔ مزید براں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منگل وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران بنیادی ڈھانچہ اور مواصلاتی رابطوں کے حوالے سے منصوبوں اور نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کیلئے کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعظم نے اپریل 2018ء کے وسط تک ایئرپورٹ کو افتتاح کو یقینی بنانے کیلئے کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن