حسین حقانی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار، مودی کیخلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمہ کیا جائے: سینٹ کمٹی کی سفارش
اسلام آباد (ایجنسیاں) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کو انٹر پول کے ذریعے گرفتار کرکے ملک میں لانے کی سفارش کی ہے‘ کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ حسین حقانی دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کررہے ہیں اور وہ نظریہ پاکستان کے خلاف کام کررہے ہیں، ملک کو اسلحہ سے پاک کرنے اور غیر قانونی اسلحہ لائسنس کی چھان بین کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ قانون پرمشتمل سب کمیٹی بنا دی گئی جو ایک ہفتے میں قائمہ کمیٹی کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے آخری دور حکومت میں بغیر تصدیق کئے 25 سے 30 ہزار آٹو میٹک اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے اور یہ لائسنس ریوڑی کے بھائو دیے گئے۔ ملک میں اس وقت 60 فیصد سے زائد اسلحہ لائسنس غیر قانونی ہیں‘ اس موقع پر سینیٹر سردار فتح محمد حسنی نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کمیٹی کوبریف کریں کہ لائسنس جاری کروانے میں کون سی شخصیات ملوث ہیں۔ کس نے غیر قانونی لائسنس حاصل کئے؟ خواجہ سرا کو حقوق دینے کے حوالے سے کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل خواجہ سرائوں کی تعریف کرے اور رپورٹ پیش کرے کہ اسلامی قوانین اس حوالے سے کیا کہتے ہیں۔ اس موقع پر لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی سینٹ کمیٹی کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمن ملک نے سفارش کی ہے کہ حکومت مودی کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں جائے اور ان پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا مقدمہ دائر کرے ایک طرف یہ تو ان ڈائریکٹ مودی کی حمایت کرتے ہیں تو دوسری طرف ہندوستان لائن آف کنٹرول پر بے گناہ معصوم شہریوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ پارلیمنٹ مین اس پر بحث ہونی چاہیے مگر افسوس کہ ہماری پارلیمنٹ کا سارا دھیان اس پر ہے کہ ایک نااہل شخص کو کس طرح اہل کروایا جائے۔ ملک اس وقت گھمبیر مسائل میں ہے ہندوستان امریکہ کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازشوں کاجال بن رہا ہے۔ اب یہ وقت ہے کہ حکومت جاگ جائے اور امریکہ ہندوستان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرے۔ اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی‘ سینیٹر شاہی سید‘ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ سینیٹر سردار فتح محمد حسنی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون نے شرکت کی۔وفاقی حکومت نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی میمو گیٹ میں گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کو انٹرپول سے رابطے کی ہدایت کردی،سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں حسین حقانی کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں میمو گیٹ میں امریکہ سے حسین حقانی کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی گرفتاری کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔وزارت داخلہ کی طرف سے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امریکہ سے حسین حقانی کی گرفتاری کیلئے پہلے انٹرپول سے بات چیت کریں اور پھر یہ معاملہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھایا جائے۔