ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کی تمام ضروریات پوری کرینگے: خرم دستگیر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت دفاع میں آئندہ مالی سال 2018-19ء کیلئے دفاعی بجٹ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر دفاع خرم دستگیرخان نے اجلاس کی صدارت کی۔ سرکاری بیان کے مطابق وزارت دفاع کے اعلیٰ افسران اور ایڈیشنل سیکرٹری دفاع نے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ دفاعی بجٹ میں حالیہ رجحانات، ضروریات اور درکار وسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اس موقع پر مسلح افواج کے آلات حرب، نئی خریداریوں اور درکار مالی وسائل پر تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر دفاع نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال 2018-19ء کیلئے میزانیہ کی تیاریاںشیڈول کے مطابق ہیں،۔ بجٹ کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطح پر آٹومیشن، باریک بینی سے اْمور کا جائزہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کیلئے مسلح افواج کی تمام تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔ مسلح افواج کی ملکی دفاع کیلئے جرأتمندانہ مشن میں مکمل معاونت حکومتی عزم ہے۔