• news

نجی سکولوں کی فیسوں میں اضافہ‘ آن لائن شکایت سیل بنایا جائے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف کیس میں حکم دیا ہے کہ نجی سکول اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف شکایات آن لائن درج کریں۔ نجی سکولوں کی آگاہی کے لیے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب نوٹیفکیشن جاری کریں۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے محمد شاہد کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ ایکٹ 2016اور 17 کے تحت فیسوں میں 5 سے 8 فیصد اضافہ سالانہ ہو سکتا ہے تاہم نجی سکول اس قانون پر عملدرآمد نہیں کر رہے اور بچوں سے اضافی فیسیں وصول کر کے والدین پر اضافی بوجھ ڈالا جارہا ہے، وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت محکمہ تعلیم پنجاب کو نجی سکولوں کی فیسیں قانون کے مطابق وصول کرنے کا پابند بنائے۔ سیکرٹری سپیشل یجوکیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تمام نجی سکولوں کو قانون کے مطابق فیسیں وصول کرنے کا پابند بنایا جارہا ہے اور اس سے متعلق والدین کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے سکولوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ والدین کی سہولت کے لیے آن لائن شکایات سیل قائم کیا جائے، والدین اضافی فیسوں کی وصولی سے متعلق شکایات سکولوں کی ویب سائیٹ اور واٹس ایپ گروپ میں درج کرائیں اور اس سے متعلق آگاہی کے لئے محکمہ تعلیم پنجاب اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نوٹیفیکشن جاری کرے، درخواست پر مزید کارروائی چھ مارچ کو ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن