جرمن سفیر کا دورہ سیالکوٹ، بھارتی فائرنگ زخمی ہونیوالوں کی عیادت
اسلام آباد+ سیالکوٹ (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر احتجاجی مراسلہ تھماتے ہوئے بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں علاقائی امن واستحکام کے لئے خطرہ ہیں اور یہ کسی تذویراتی غلط اندازے کا پیشہ خیمہ ثابت ہوسکتی ہیں۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو منگل کے روز دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ بیان کے مطابق کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچہ شہید ہوگیا تھا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ بارہا ضبط و تحمل کی اپیل کے باوجود بھارت مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ بھارتی فوج نے رواں سال اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی 335 سے زائد خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں 15بے گناہ شہری شہید اور 65 زخمی ہوئے۔ ڈپٹی ہائی کمشنرسے کہا گیا کہ شہری آبادی کے علاقوں خصوصا بچوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا افسوسناک ہے، انسانی وقار، انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔ علاوہ ازیں جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سیالکوٹ میں سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں بھارتی فائرنگ کا شکار زخمیوں کی عیادت کی۔آن لائن کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جندروٹ سیکٹر سے ملحقہ دیہات بالاکوٹ، گھمب، موہڑہ، ڈبسی لنجوٹ، اور کینٹھی گالہ کی سول آبادی پر اچان بلااشتعال گولہ باری شروع کر دی جس کے نتیجے میں کینٹھی گالا کی سکونتی رخسانہ بی بی دختر محمد شفیع زخمی ہو گئی جسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نکیال لایا گیا پاک فوج نے دشمن کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی گنوں کو خاموش ہونے پر مجبور کر دیا۔