• news

فیصلہ جمہوریت کی فتح ہے: طاہرالقادری‘ شاہد خاقان کا متبادل کون ہوگا: شیخ رشید

لاہور+اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین،ریاست، جمہوریت کی فتح ہے، فیصلے سے ووٹ کو احترام ملا جس پر نا اہلی کا سایہ بھی پڑتا ہے وہ نا اہل ہوجاتا ہے ۔جھوٹے،کرپٹ اور نا اہل کو تاحیات کک آﺅٹ ہونا چاہےے۔فیصلہ ابہام سے پاک ہے ،28جولائی کے بعد نا اہل نواز شریف نے بطور پارٹی صدر جتنے بھی فیصلے کئے وہ اب کوڑے دان کا حصہ ہیں۔چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی قتل و غارت گری اور بربریت کا بھی نوٹس لیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ردعمل میں کہا ہے کہ فیصلے میں بڑی پٹیشنز میری پارٹی تھی، میں اس کیس میں خود درخواست گزار ہوں سب سے اچھے اور اہم دلائل فروغ نسیم نے دئیے۔ اب یہ پارٹی صدارت کا فیصلہ کریں کہ کس کو لانا ہے، نوازشریف کو قبول نہیں کہ اس کے علاوہ کوئی اور خاندان کی سربراہی کرے نوازشریف کا دھڑن تختہ ہوچکا، شاہد خاقان عباسی کا متبادل کون ہوگا نوازشریف کو اچھی طرح پتہ ہے کہ یہ معاشرہ کس قسم کا ہے اس کیلئے کوئی باہر نہیں نکلے گا۔آج نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، پہلے ہی کہہ دیا تھا نوازشریف کی قسمت کا فیصلہ 31 مارچ سے پہلے ہوجائیگا۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ فیصلہ ماننا پڑے گا لیکن نوازشریف اس کو بھی استعمال کریں گے۔ ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عدلیہ کو کمزور اور تنقید کا نشانہ بنانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، انہیں شاید یہ معلوم نہیںکہ سپریم کورٹ پارلیمنٹ کے کسی بھی فیصلے کو ردکرسکتی ہے جو آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہو۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ نواز شریف کی پارٹی کی نا اہلی ایک شخص کی نااہلی نہیں بلکہ پورے پارلیمنٹ کی نااہلی ہے ۔ بدھ کو سپریم کورٹ کے انتخابی اصلاحات کیس میں دیئے گئے فیصلے پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ آئین اور قانون کے لحاظ سے سپریم کورٹ نہیں پارلیمنٹ سپریم ہے، لیکن پارلیمنٹ میں نہ تو نواز شریف آنے کو تیار ہیں اور نہ ہی عمران خان پھر خالی پارلیمنٹ کو سپریم کہنے سے آپ کوکوئی فائدہ نہیں۔جمعیت علماءپاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے میاں نواز شریف کاپارٹی صدارت کا نااہلی کا فیصلہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ قوم عدالت عالیہ کے معزز حج صاحبان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فیصلے سے مسائل بڑھیں گے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ فردِ واحد کیلئے قانون نہیں بنانا چاہئے جبکہ فاروق ستاراورخالد مقبول نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن فیصلے ماننے چاہئیں۔
شیخ رشید/ ردعمل

ای پیپر-دی نیشن