• news

کلثوم نواز کی علالت کے باعث پارٹی صدر بننے کا امکان کم: شہباز شریف فیورٹ

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے آئندہ صدر کون ہوں گے، یہ سوال سیاسی حلقوں میں گردش کر رہا ہے۔ میاں نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کا آئندہ صد رچننے کی ہدایت جاری کر دی اور ضابطے کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی اور جنرل کونسل کا اجلاس بلایا جائے گا۔ تاہم صدر کون ہوگا اس بارے میں متضاد آراءسامنے آئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین اس ایشو پر بات کرنے سے گریزاں ہیں ان کا کہنا ہے کہ جلد فیصلہ سامنے آ جائے گا۔ ہماری رائے میں میاں شہباز شریف کو نیا پاٹی صدر بنا لیا جائے گا۔ شہباز شریف اس سے پہلے بھی مسلم لیگ (ن) کے صدر رہ چکے ہیںجبکہ پچھلے کئی سال سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی مسلم لیگ (ن) کے بھی صدر ہیں۔ وزیراعلیٰ ہونے کی وجہ سے اپنی پارٹی کے متحرک ترین لیڈروں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی میں کچھ لوگوں کی یہ رائے ہو سکتی ہے کہ میاں نواز شریف کی جگہ بیگم کلثوم نواز کو پارٹی صدر بنا دیا جائے لیکن بیگم کلثوم نواز کی علالت کے باعث امکان ہے کہ انہیں اس عہدے پر نہ لایا جائے۔ پارٹی کے چند ایک افراد نے مریم نواز شریف کو پاٹی صدر لائے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم پارٹی کے سینئر اور قابل ذکر لیڈروں کی اکثریت کے نزدیک میاں شہبازشریف فیورٹ ہیں۔
مسلم لیگ (ن)

ای پیپر-دی نیشن