• news

نئے انتخابی قوانین میں الیکشن مانیٹرز کا کردار تسلیم شدہ ہے: آ صف زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری سے یورپین یونین کے مشن نے زرداری ہائوس میں ملاقات کی اور آئندہ انتخابات کے لئے الیکشن آبزرورز سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ مشن برسلز سے پاکستان آیا ہے تاکہ مختلف سٹیک ہولڈروں سے انتخابات سے پہلے ملاقات کر لے۔ اس وفد میں اسلام آباد میں مقیم یورپین یونین کے سفیر فرام کو کوٹین کے علاوہ نیکولائی پاس مس این وین ہائوٹ، مس حنا رابرٹس، کلوم ونسنٹ، پیر مچل اور مس الیسا ٹسیلی شامل تھے۔ سابق صدر کی معاونت سید نیر حسین بخاری، سید نوید قمر، شیری رحمن اور فرحت اللہ بابر نے کی۔ سابق صدر نے کہا کہ ملک میں متفقہ طور پر حال ہی میں انتخابی قوانین میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے اب یہ ضروری ہے کہ انتخابات ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے تحت کرائے جائیں۔ سابق صدر نے کہا کہ ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین میں یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ الیکشن مانیٹرز کا اہم کردار ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ یورپین یونین کے مانیٹرنگ مشن کے ساتھ ساتھ دوسرے مانیٹرینگ مشن بھی انتخابات کے دوران پاکستان آئیں گے اور اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کو انہوں نے آراو کے انتخابات قرار دیا تھا لیکن پارٹی نے جمہوری تسلسل کے لئے انتخابات کے نتائج تسلیم کر لئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن